پشاور، ڈرون حملوں کے خلاف تحریک انصاف کا 2 روزہ دھرنا شروع، ملک بچانے کے لئے عوام سڑکوں پر آجائیں، عمران خان
پشاور / نوشہرہ / مردان (نمائندگان جنگ / ایجنسیاں) پاکستان تحریک انصاف کے زیر اہتمام قبائلی علاقوں میں ڈرون حملوں کیخلاف حیات آباد کے ناران باغ چوک میں ہفتہ کو دو روزہ احتجاجی دھرنا شروع ہوگیا جس میں تحریک انصاف اور دیگر سیاسی و مذہبی جماعتوں کے قائدین اور کارکنوں کے علاوہ سول سوسائٹی، وکلاء طلباء اور دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے ہزاروں لوگ شریک ہیں۔ دھرنے میں شرکت کے لئے ملک بھر سے ہزاروں قافلے پشاور کے ناران باغ چوک پہنچ گئے۔ دھرنے کے باعث افغانستان میں تعینات نیٹو فورسز کو سپلائی روک دی گئی، مظاہرین نے حکمرانوں اور امریکا کے خلاف زبردست نعرے لگائے۔ قبل ازیں عمران خان کا اسلام آباد سے پشاور جاتے ہوئے راستے میں شاندار استقبال کیا گیا۔ پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔ دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا کہ ہم عوام کے حقوق کے تحفظ کے لئے میدان میں نکلے ہیں ، جب تک ہم خود باہر نہیں آئیں گے کوئی بھی ہماری مدد کو نہیں آئے گا، کٹھ پتلی لیڈر شپ عوامی حقوق کے تحفظ کے لئے کچھ بھی نہیں کرسکتی اس لئے اب عوام سڑکوں پر آجائیں، قوم بتائے کہ اس نے باہر نکلنا ہے یا نہیں،غلامانہ ذہنیت کے حامل حکمرانوں نے قوم کی عزت ووقار اور ملک کی خودمختاری کو داؤ پر لگا دیا ہے، حکومت اور اتحادی مل کر ڈالروں کے عوض قوم کا خون بیچ رہے ہیں ، اپنے حقوق کیلئے جہاد کرنا فرض ہے، قبائلی پاکستان کے خیرخواہ اور محب وطن شہری ہیں، لقمہ اجل بنانے والوں سے ہر خون کا حساب لیں گے۔
http://jang.net/urdu/details.asp?nid=523542







